کرکٹ ورلڈ کپ: فخر زمان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

Oct 31, 2023 | 13:20:PM
کرکٹ ورلڈ کپ: فخر زمان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا
کیپشن: فوٹو اے ایف پی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افضل بلال) ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔ 

بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 33ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق نے عمدہ آغاز فراہم کیا اور 128 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔عبداللّٰہ شفیق اس مجموعے پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ انہیں مہدی حسن میراز نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی دوسری وکٹ بابر اعظم کی صورت میں گری جب قومی ٹیم کے کپتان 9 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی تیسری وکٹ 169 رنز پر فخر زمان کی صورت میں گری جب اوپننگ بلے باز چھکا مارتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے 81 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ 

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا آغاز کیا اور اپنے ابتدائی دو اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔بنگلا دیش کی پہلی وکٹ میچ کی پانچویں گیند پر جبکہ دوسری وکٹ 2.4 اوورز میں 6 رنز پر گری۔بنگلادیشی بیٹر تنزید حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر ایل بی ڈبلیو جبکہ نجم الحسین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔شاہین آفریدی کے بعد حارث رؤف نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، بنگلا دیش کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں 23 رنز پر گری جب مشفق الرحیم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں لٹن داس اور محمود اللّٰہ نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 102 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 20.5 اوورز میں لٹن داس 45 رنز بنا کر افتخار احمد کے اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 30.4 اوورز میں 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے محمود اللّٰہ کو 56 رنز پر بولڈ کیا۔بعدازاں اگلے اوور میں بنگلا دیش کی چھٹی وکٹ 140 رنز پر گر گئی جب توحید ہریدوائے 7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 185 رنز پر گری جب خطرناک دکھائی دے رہے شکیب الحسن حارث رؤف کی گیند پر 40ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیشی کپتان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کی آٹھویں وکٹ 200 رنز پر گری جب مہدی حسن میراز 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں محمد وسیم نے بولڈ کیا۔ اسی اوور میں وسیم نے پہلے تسکین احمد اور پھر اگلے اوور میں مستفیض الرحمان نے کو بولڈ کرکے بنگلادیش کی اننگز 204 رنز پر تمام کردی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 23 رنز دے کر 3 جبکہ محمد وسیم نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے دو جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک، ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔