پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

Oct 31, 2024 | 09:52:AM

(ویب ڈیسک)مہنگائی سے پریشان عوام کیلئےاچھی خبر آ ہی گئی،پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے تک کمی کی توقع ہے۔

 رپورٹ کے مطابق یکم نومبر 2024ء سے اگلے 15 دن کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے تک جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

 حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 76 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اور 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں کمی ہوئی ہے،ماہ رواں میں یورپی برینٹ کروڈ آئل کی عالمی قیمت 8 ڈالر بڑھی مگر اکتوبر کے آخری ہفتے میں 10 ڈالر فی بیرل کم ہو گئی۔

یورپی برینٹ کروڈ 7 اکتوبر کو 81 ڈالر فی بیرل تک چلا گیا لیکن گزشتہ روز 71.12 ڈالر فی بیرل تک نیچے آ گیا، پاکستان میں استعمال ہونے والے اوپیک باسکٹ کروڈ اکتوبر کے وسط تک 78 ڈالر فی بیرل تک فروخت ہوتا رہا لیکن رواں ہفتہ میں سات ڈالر کم ہو کر 71.5 ڈالر فی بیرل تک نیچے آ گیا۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، اوگرا کی تجویز پر اس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

مزیدخبریں