افسانوی کردار"انکل سرگم"کے خالق فاروق قیصر کی آج 79ویں سالگرہ
مزاح نگار، کالم نگار،ڈائریکٹر،اسکرپٹ رائٹر اور وائس اوورایکٹربھی تھے،کئی مزاحیہ کتابیں لکھیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پی ٹی وی سے بچوں کے ڈرامہ" کلیاں"میں اپنے کردار انکل سرگم سے شہرت حاصل کرنے والے معروف فن کار،مزاح نگار، کالم نگار،ڈائریکٹر، کٹھ پتلی ساز، اسکرپٹ رائٹر اور وائس اوورایکٹر انکل سرگم کاآج 79واں یوم پیدائش ہے۔
31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہونے والے فاروق قیصر نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی،اسکالرشپ پر رومانیہ جا کر بھی تعلیم حاصل کی،یونیسکو کی جانب سے دو سال بھارت جا کر بھی تعلیمی خدمات انجام دیں۔
فاروق قیصر کالم نگار، ڈائریکٹر، کٹھ پتلی ساز، اسکرپٹ رائٹر اور وائس ایکٹر بھی تھے ،اپنے استاد شعیب ہاشمی کو مشعل راہ سمجھنے والے فاروق قیصر کو 1970 میں پہلی مرتبہ "اکڑ بکڑ" کے ذریعے پاکستان ٹیلی ویژن پر متعارف کرایا گیا لیکن انہیں اصل شہرت 1976 میں ڈرامہ "کلیاں" میں اپنے کردار انکل سرگم سے ملی جس کے بعد وہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے،انکل سرگم کے کردار کو تخلیق کرنے کے ساتھ ساتھ آواز بھی فاروق قیصر نے اپنی ہی دی تھی۔
انکل سرگم اور ماسی مصیبتے کو پاکستان کی افسانوی کٹھ پتلی جوڑی سمجھا جاتا ہے ، کلیاں کے علاوہ پتلی تماشا اور سرگم ٹائم بھی فاروق قیصر کے مشہور پروگرام تھے،ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا ۔
فاروق قیصر حرکت قلب بند ہونے سے 75 برس کی عمر میں 15 مئی 2021 کو انتقال کر گئے تھے۔