نہ صرف حکومت بلکہ شوبز شخصیات نے بھی نظر انداز کردیا،خواجہ سلیم کاشکوہ 

حکومت پنجاب نے 2 لاکھ روپے دیئے جس سے محض 20 دن کی ادویات ہی آسکیں

Oct 31, 2024 | 13:21:PM
نہ صرف حکومت بلکہ شوبز شخصیات نے بھی نظر انداز کردیا،خواجہ سلیم کاشکوہ 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سینیئر اداکار خواجہ سلیم انتہائی علیل ہوگئے اور انہوں نے علاج ودیگر اخراجات کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔

خواجہ سلیم کاشمارپی ٹی وی کے معروف اداکاروں میں ہوتاہے جنہوں نے فنی سفرکاآغاز 1972 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ پاکستان ٹیلی وژن لاہورمرکز سے کیا تھا،پی ٹی وی کی کشمیر کے موضوع پر بننے والی رؤف خالد مرحوم کی ڈرامہ سیریل"انگار وادی" میں میجر نولکھا کے کردار سے شہرت ملی تھی،اس کے بعد بھی بے شمارٹی وی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، فلموں اور تھیٹرز میں کام کیا، بھارت میں بھی تھیٹرز کیا۔ 

سینئراداکار نے ایک حالیہ انٹرویو میں شکوہ کیاہے کہ انہیں نہ صرف شوبز شخصیات بلکہ حکومت نے بھی نظر انداز کردیا ،حکومت پنجاب نے علاج کی خاطر انہیں محض 2 لاکھ روپے ادا کیے جس سے ان کی محض 20 دن کی ادویات ہی آ سکیں کیونکہ ان کی ادویات پر یومیہ 8 ہزار روپے تک کا خرچہ آتا ہے۔

اداکار کے مطابق شوگر بڑھنے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے کچھ عرصہ قبل ان کی ٹانگ کاٹنے کا کہا تھا بعد ازاں علاج سے فائدہ ہونے کے بعد ان کے پیر کی دو انگلیاں کاٹی گئیں جس کی وجہ سے وہ خود چلنے پھرنے کے قابل ہیں۔

خواجہ سلیم نے کہا کہ 80 فیصد شوبز شخصیات منافق ہیں، بیمار پڑنے پر کسی نے ان کا پوچھا تک نہیں، بیمار ہونے کے بعد کچھ شخصیات نے ان کی مالی معاونت کی جن میں اداکار سہیل احمد اور اداکارہ شگفتہ اعجاز سرفہرست ہیں جب کہ دیگر کچھ شخصیات نے بھی ان کی مدد کی۔

خواجہ سلیم نے بتایاکہ شوگر کی وجہ سے ان کے پاؤں میں گینگرین ہوگیا تھاجس کے باعث ان کی دو انگلیاں کاٹ دی گئیں، جس میں ان کے تقریباً 12 سے 14 لاکھ روپے کے اخراجات آئے، علاج کے لیے یومیہ 16 ہزار کے 4 انجکشن لگتے تھے جو انہیں ڈیڑھ مہینے تک لگوانے پڑے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:افسانوی کردار"انکل سرگم"کے خالق فاروق قیصر کی آج 79ویں سالگرہ

سینئراداکار کے مطابق بیماری کے علاج کے لیے  وہ اپنی جمع پونجی کے علاوہ اپنا گھر، گاڑی، موٹرسائیکل سب کچھ فروخت کرکے بیٹی کے گھر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں،اب وہ بیٹیوں اوردامادوں کے رحم و کرم پر زندگی گزار رہے ہیں،ان کے مالی حالات اس قدر خراب ہوگئے ہیں کہ گزربسر کی خاطر بہترین اداکاری کے لیے ملنے والے ایوارڈز تک فروخت کرنے پڑگئے، جس پر انہیں بہت افسوس ہے ۔