سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
ملزم کی شناخت اعظم محمد مصطفیٰ کے نام سے ہوئی جو باندرا کا رہائشی ہے، پولیس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی وڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کو 2 کروڑروپے تاوان اور قتل کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی تھی ،دھمکی دینے والے نامعلوم افراد نے بالی وڈ کے سپر اسٹار سے 2 کروڑروپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کی جانب سے ممبئی ٹریفک پولیس کو بھیجے گئے واٹس ایپ پیغامات میں کہا گیا تھا کہ اگر پیسے ادا نہیں کیے گئے تو سلمان خان کو قتل کر دیا جائے گا۔
اب بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اعظم محمد مصطفیٰ کے نام سے ہوئی جو ممبئی کے علاقے باندرا کا رہائشی ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے 20 سالہ نوجوان کو ریاست اترپردیش کے شہر نوائیڈہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس نے بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو بھی قتل کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
رواں ماہ ہی بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کیا گیا تھا جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔