وزیراعظم کا معاشی استحکام اور افراط زر میں کمی پر اظہار اطمینان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام، افراط زر کی کمی اور اقتصادی اصلاحات کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دسمبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح کے 81 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آنا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے "اڑان پاکستان" جیسے منصوبے کا آغاز کیا ہے جو پاکستان کو دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے جس کے نتیجے میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا ہے جو کہ 24 سال بعد ممکن ہوا ہے جبکہ افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد آگیا ہے اور پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد پر آ چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے اور عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک تھا جنہیں حل کرنے کے لیے دن رات کام کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی ہےاور میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا جا چکا ہے لیکن یہ صرف آغاز ہے انشاءاللہ عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کا وقت تبدیل