(24 نیوز)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف آر جے، ٹی وی میزبان اور اداکارہ انوشے اشرف رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
اداکارہ انوشے اشرف نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے نکاح کی خوبصورت تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو آگاہ کیا، اداکارہ نے اپنی زندگی کے سب سے خاص دن پر سفید اور گولڈن رنگ کا خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے اپنے اہلخانہ اور چند قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح نامے پر دستخط کیے جبکہ اس موقع پر انوشے اشرف کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ بھی موجود تھا جس سے واضح ہوگیا کہ اُنہوں نے ممکنہ طور پر ورچوئل نکاح کیا ہے۔
اگرچہ کہ انوشے نے ان تصاویر میں اپنے دولہے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں اور نہ ہی اُن کے حوالے سے کوئی بھی تفصیلات مداحوں سے شیئر کیں، یہاں تک کہ اداکارہ نے اپنے دولہا کا نام بھی نہیں بتایا، تاہم اسی کے ساتھ انکا معنی خیز پیغام سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ جیل کی سکیورٹی پر مامور 7 اہلکار گرفتار
نکاح کے پرمسرت موقع کی خوبصورت اور دلکش تصاویر جاری کرتے ہوئے انوشے اشرف نے پوسٹ کے کیپشن میں طنزیہ وار کرتے ہوئے ان لوگوں کو مخاطب کیا جو لوگ شادی نہ کرنے پر انہیں اکثر ٹوکتے تھے۔
انوشے اشرف نے لکھا کہ"بیٹا آپ نے اب تک شادی کیوں نہیں کی؟ لو جی اب کرلی۔"
دوسری جانب اس خوشی کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو نکاح پرمبارکباد موصول ہونے کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔