پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس،عمر ایوب کابطور سیکرٹری جنرل  استعفیٰ منظور نہ کرنے کی سفارش

Jul 01, 2024 | 21:22:PM
پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس،عمر ایوب کابطور سیکرٹری جنرل  استعفیٰ منظور نہ کرنے کی سفارش
کیپشن: پی ٹی آئی پرچم، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طیب سیف)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی سفارش کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا،کور کمیٹی اجلاس میں تین اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں، عمر ایوب خان کا بطور سیکرٹری جنرل استعفیٰ منظور نہ کرنے کی سفارش بھی قرارداد کا حصہ ہے۔

قراردادکے متن میں کہا گیاہے کہ کور کمیٹی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے انتہائی کٹھن اور آزمائشی حالات کے دوران پارٹی کیلئے پیش کی گئی قابل تحسین خدمات کی معترف ہے،سیکرٹری جنرل عمر ایوب سے پارٹی عہدے سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہیں، قراردادمیں مزید کہا گیا ہے کہ عمر ایوب کی بطور پارٹی سیکرٹری جنرل خدمات موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں، کور کمیٹی تاحیات اور بانی چیئرمین عمران خان سے عمر ایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کرتی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی نہایت حساس اور اہم ترین موڑ پر پارٹی سے راہیں جدا کرنے والے افراد کی شدید مذمت کرتی ہے،مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ جانے والوں کے پاس باہر بیٹھ کر پارٹی معاملات پر تبصرہ آرائی کرنے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں،پارٹی کا ایسے تمام افراد سے کوئی سروکار ہے نہ ہی ان کے بیانات کسی طور پارٹی معاملات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں،مشکل وقت میں راہیں جدا کرنے والے لوگ پارٹی کیلئے پھر سے کبھی قابلِ قبول نہیں ہوں گے،وہ تمام افراد جنہیں اپنے کئے پر افسوس ہے ان کے متعلق فیصلہ تاحیات اور بانی چئیرمین عمران خان کی صوابدید ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ہر حال میں پارٹی صفوں میں سخت نظم و ضبط کا نفاذ کیا جائے گا،مستقبل میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تمام معاملات سے فوری طور پر نہایت سختی سے نمٹا جائے گا، پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بنیادی رکنیت کی معطلی سمیت دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا، جن افراد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹسز دیئے جا چکے ان کے معاملات سات روز میں نمٹائے جائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: گندم کی قیمت میں بڑااضافہ، کسانوں کے وارے نیارے