مون سون آ گیا، تفریح بعد میں احتیاط پہلے
روزینہ علی
Stay tuned with 24 News HD Android App
بہت دنوں سے گرمی نے اس قدر ستایا ہوا ہے کہ دن کیا رات گزارنا بھی مشکل ہے، جون کا جنون ایسا تھا کہ پسینے چھوٹتے رہے بارشوں کی آس امید میں بس دن گزر ہی گئے، متعدد بار محکمہ موسمیات سے معلومات لی لیکن ہر بار وہی ہوا تاریخ پر تاریخ بارشوں اس تاریخ پر ہونگی اس دن ہونگی، اور بالآخر نظریں لگالی ہم نے مون سون پر, اللہ اللہ کر کے جولائی کا اب آغاز ہو گیا اور یہ مون سون کے باقاعدہ آغاز کا پہلا مہینہ ہے, میں نے تو اس ماہ کا آغاز ہوتے ہی محکمہ موسمیات کی راہ لی کہ آخر پیشگوئیاں کیوں اُلٹ ثابت ہو رہی ہیں؟ اس سوال کا جواب لینے کے لیے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ظہیر احمد بابر کے پاس گئے انہوں نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریشان نہ ہوں اب زیادہ اچھی بارشیں آ رہی ہیں پیشگوئیاں بھی صحیح ثابت ہونگی.
ظہیر احمد بابر نے کہا کہ 4 جولائی سے 7 جولائی کے دوران اسلام آباد راولپنڈی سمیت پوٹھوہار ریجن اور ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے، یوں تو مون سون جولائی سے ستمبر تک ہے لیکن ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق بہت زیادہ اچھی بارشیں جولائی میں متوقع ہیں مسلسل بارشوں کا انتظار کرنے والوں سے یہی کہونگی ’’ پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ‘‘۔
خیر پنجاب، سندھ، بلوچستان ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کشمیر ہر طرف موسلا دھار بارشیں ہونگی لیکن گرمی کے ستائے عوام سیر و تفریح کے پلان بنانے سے پہلے موسمی شدت کا خیال رکھیں، کیونکہ این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ 2 جولائی 2024 سے تمام بڑے دریاؤں بالخصوص دریائے ستلج، راوی اور چناب کے بالائی علاقوں میں درمیانی اور شدید بارشیں متوقع ہیں، اور ان بارشوں میں آسمانی بجلی کے حوالے سے بھی ایک الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 5 تا7 جولائی کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف شہروں اور اسلام آباد میں آسمانی بجلی کا گرنا بھی متوقع ہے۔
متوقع بارشوں سے دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس میں 5 جولائی تک پانی کی سطح تقریباً 50,000 کیوسک تک پہنچ جائے گی اور 10 جولائی 2024 تک سیلابی صورتحال میں شدت کے بعد پانی کی سطح تقریباً 120,000 کیوسک تک پہنچ جائے گی جو کہ اونچے درجے کا سیلاب ہو گا، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، اس لیے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کرنے کے بجائے احتیاط کریں، سیلاب کی صورت حال، موسم کی رپورٹس اور اپ ڈیٹس پر کڑی نظر رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردوں اور آپریشن عزم استحکام کے مخالفین کی اصل پریشانی
این ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مقامی حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونے پر فوری طور پر انخلاء کریں، سیلابی پانی سے اپنے آپ کو بچائیں، سیلابی پانی جراثیم کی موجودگی کے باعث مختلف بیماریوں اور بجلی کے تاروں کے ٹوٹنے کے باعث کرنٹ لگنے کا سبب بن سکتا ہے، سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین اپنے خاندان کے ساتھ انخلاء کے منصوبے تیار کریں، محفوظ مقام کی نشاندہی کریں، اور ضروری سامان کے ساتھ ہنگامی کٹ کی تیاری بھی یقینی بنائیں، مسافر شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے نے Pak NDMA7 Disaster Alert ایپلیکیشن متعارف کرادی ہے جو گوگل پلے سٹور اورiOS ایپ سٹور پر موجود ہے تاکہ عوام کوبر وقت الرٹس، ایڈوائزریز اور خطرے سے متعلق مخصوص گائیڈ لائنز، عوامی آگاہی کے پیغامات اوردیگر ضروری معلومات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
این ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات ان اداروں نے تو پیشگوئی کر دی اب ذمہ داری صوبوں کی انتظامیہ کی ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جس ممکنہ خطرات اور نقصانات سے بچا جا سکے، دعاؤں میں یاد رکھیں۔