بغاوت کو چھوڑیں، تناؤ تو کم کریں، ٹوئٹ تو ڈیلیٹ کریں، مصدق ملک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیش کش کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ بغاوت کو چھوڑیں، تناؤ تو کم کریں، ٹوئٹ تو ڈیلیٹ کریں، ہم کہتے ہیں بات کریں، وہ کہتے ہیں تم سے بات نہیں کریں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کریں گے، آپ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں؟ یا امریکا سے کرنا چاہتے ہیں؟ ہم کسی کو غدار نہیں کہہ رہے، ہم ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے 3 بڑے اہداف میں سب سے بڑا اور پہلا ہدف مہنگائی کم کرنا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہر وزارت کو غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، مشکلات کے باوجود ترقی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں، ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، پیٹرول کی قیمت کم ہو تو مہنگائی کم ہوگی، مہنگائی کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 37 فیصد سے کم ہو کر 17فیصد پر آگئی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے 100دن، 5ایکسپریس ویز پر ورکنگ مکمل