لاہورمیں بارش کی پیشگوئی ، دیگر علاقوں کی صورتحال کیسی رہے گی ؟جانیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے خوشخبری سنائی ہے کہ لاہور میں آج رات اور کل صبح میں بارش کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی امید بھی ظاہر کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ ہوائیں چلیں گی ۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے،مری، گلیات، چکوال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، منڈی بہاءالدین، اور بہاولنگر میں آندھی اور چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ جنوب مغربی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، ان علاقوں میں گرمی کی شدت کے باعث عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بالائی اضلاع میں آندھی چلنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔ ان علاقوں میں موسم کی اس تبدیلی سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن سے پنجاب میں 3وزارتیں مانگ لیں