(حیدر خان)نو منتخب ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کس سیاسی گھرانے کے چشم و چراغ ہیں اور کتنی بار رکن قومی اسمبلی بنے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں۔
قومی اسمبلی کے نو منتخب ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کا تعلق ضلع شہید بینظرآباد کی تحصیل سکرنڈ کے قریب گاؤں محراب پور سے کے سیاسی خاندان اور سید گھرانے سے ہے، سید غلام مصطفی شاہ 27 اکتوبر 1959 کو پیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم آٹھویں تک محراب پور میں حاصل کی ، میٹرک حیدرآباد میں جبکہ انٹر کی تعلیم کراچی مسلم کالج سے کی اور گریجویشن خیرپور یونیورسٹی سے مکمل کی۔
محراب پور سے تعلق رکھنے والے سید خاندان کے چشم و چراغ سید غلام مصطفیٰ شاہ اپنے علاقے کے سب سے بڑے زمیندار بھی ہیں ان کو شکار کرنے کا بچپن سے شوق ہے اور اپنے علاقے میں اپنی ہی زمینوں پر شکار گاہ کا قیام بھی کیا ہوا ہے، سید غلام مصطفیٰ شاہ کو دوران الیکش ورک متعدد سونے کے تاج بھی پہنائے گئے تھے ان کے حلقے میں ان سے مضبوط امیدوار تاحال کوئی نظر نہیں آتا، اس کے علاوہ ان کے بھائی فرزند سید شایان علی شاہ بھی حلقے میں سیاسی سماجی خدمات پر کافی متحرک ہیں.
یہ بھی پڑھیں ؛ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن موخر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ حلقہ این اے 208 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ہیں جو پانچویں بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، انکے والد مرحوم سید شبیر احمد شاہ بھی 6 دفعہ اسی حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوتے رہے ہیں ، پہلی بار 2002 میں سید غلام مصطفیٰ شاہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جس میں انہوں نے اپنے مد مقابل ممتاز راہو کو شکست دی جبکہ 2007 میں وہ دوسری دفعہ اس وقت کے جی ڈی اے رہنما سردار خان محمد ڈاہری کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
سال 2013 میں اس وقت کے ن لیگی رہنما اصغر علی رند کو شکست دے کر تیسری بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ سال 2018 میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما سید زین شاہ کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے, اس بار یعنی 2024 میں جی ڈی رہنما سید زین شاہ کو شکست دے کر پانچویں بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پہلی دفعہ سندھ سے منتخب ہونے والے ڈپٹی سپیکر کا اعزاز بھی سید غلام مصطفیٰ شاہ کو حاصل ہے۔