(ویب ڈیسک)سینئراداکارہ گل رعنا نے کہا ہے کہ میں ڈرامے میں ہمایوں سعید کی والدہ کا کردار نہیں کروں گی، وہ میرے والد لگیں گے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئراداکارہ گل رعنا نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکارعاصم اظہر کی والدہ ہیں،انہوں نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر اور نئی اداکاراؤں کے رویوں کے حوالے سے کھل کراپنے خیالات کااظہارکیا ۔
گل رعنا کا کہنا تھا کہ فن کار یا تو ہوتا ہے یا نہیں ہوتا، اداکاری میں بہتری لائی جا سکتی ہے لیکن اداکاری سکھائی نہیں جا سکتی،اداکار کی صلاحیتیں تراشنے کا ہنر ہدایت کار کے پاس ہوتا ہے۔
سینئراداکارہ نے اپنے منفرد کرداروں کا تمام کریڈٹ اپنے ہدایت کاروں کو دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مجھے الگ الگ کردار آفر نہیں کرتے تو میں کیسے کر پاتی،میں جب ڈراموں کے سیٹ پر نوجوان اداکاراؤں کے تلخ رویّے دیکھتی ہوں تو منہ پر انہیں جواب دے دیتی ہوں، اگر میرے سامنے کوئی اداکارہ نامناسب رویّہ اپنائے تو کہہ دیتی ہوں کہ یہ ٹھیک نہیں۔
شوبزکیریئر میں مشکلات کے حوالے سے گل رعنا کا کہنا تھا کہ مشکلات تو بہت آئیں،تاہم کامیابی کا اصل مزہ سختیوں کے بعد ہی آتا ہے، جس نے غم نہیں دیکھا اسے خوشی کا احساس نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں:ایساکام کرنے کی خواہش ہے جسے لوگ مدتوں یادرکھیں:درفشاں سلیم
گل رعنا کامزید کہنا تھا کہ پروڈکشن میں ہونے اورٹی وی میں سینیئر پروڈیوسرز کی ملازمت کے دوران انہوں نے اداکاروں کی چپلیں بھی اٹھائیں اور کپڑے بھی استری کیے، میرا تعلق بنیادی طور پر اداکاری سے نہیں پروڈکشن سے ہے، 2008 تک میں بطور سینئر پروڈیوسر کام کر تی رہی ہوں۔
شادی اور محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ محبت سب سے بڑی بےوقوفی ہے،میری شادی یکطرفہ محبت پر مبنی اور میری بے وقوفی تھی۔