کیٹی پیری خلا میں سفر کرنیوالی سلیبریٹیزکی فہرست میں شامل
اس خلائی سفر میں کیٹی پیری کے علاوہ کئی دیگر معروف خواتین بھی شامل ہیں

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری جیف بیزوس کی خلائی کمپنی"بلیو اوریجن" کے ذریعے خلا میں سفر کرنے والی سلیبریٹیز کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔
کیٹی پیری کاشُمار ہالی وُڈ کی ان حسیناﺅں میں ہوتاہے کہ کامیابی اورشُہرت ان پرٹوٹ کر برستی ہے،وہ گلوکاری اوراداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بھی مداحوں کے دلوں پرراج کرتی رہی ہیں،سروقامت،اُجلی رنگت ،تیکھے نقوش اور صراحی نماگردن رکھنے والی کیٹی پیری کوبلاشُبہ ہالی وڈ کی خوب صورت اورپُرکشش ترین خاتون قراردیا جاتا ہے۔
کیتھرین ایلزبتھ ہڈسن25 اکتوبر 1984ءکوپیدا ہوئیں اور شوبزمیں کیٹی پیری کے نام سے شُہرت حاصل کی،آغاز میں پوپ موسیقی سے خائف دکھائی دیتی تھیں اس لئے اوائل عمری میں دُعائیہ گیتوں کی طرف مائل تھیں،پہلا اسٹوڈیو البم 2001ءمیں ریلیزکیاجس کے بعدموسیقی میں نئے جہان دریافت کرنے کےلئے لاس اینجلس چلی گئیں،ان کی شُہرت کا سفران کے گانے ”آئی کِسڈ اے گرل“ سے شروع ہواجس کے بعدان کا تیسرا البم ”ٹین ایج ڈریم“ بھی بہت مقبول ہوا۔
کیٹی پیری 2011،2012 اور 2013ءمیں فوربزمیگزین کی سب سے زیادہ کمانے والی گلوکاراؤں کی فہرست میں بھی شامل رہ چکی ہیں،انہوں نے پرفیومزکے برینڈز بھی متعارف کروائے تھے۔
کیٹی پیری نے 23 اکتوبر2010ءکواداکاررسل برانڈ کےساتھ روایتی ہندوانہ انداز میں بہت دھوم دھام سے شادی کی تھی،بھارتی علاقے راجستھان میں ہونےوالی اس شادی کے موقع پردونوں نے ایک دوسرے کےساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھائی تھیں لیکن یہ شادی صرف 14ماہ ہی چل سکی اورطلاق پر مُنتج ہوئی۔
کیٹی پیری نے میوزک کیریئر کےساتھ ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کی ہے،اپنی ریکارڈ کمپنی بھی چلا رہی ہیں،2010ءمیں وہ 100 پُرکشش ترین خواتین کی فہرست میں نہ صرف شامل تھیں بلکہ پہلے نمبروں پرتھیں،2013ءمیں بھی انہیں پُرکشش ترین خاتون قرار دیا گیا تھا۔
کیٹی پیری کو2013ءمیں یونیسیف نے خیرسگالی سفیر مقررکیا تھا،وہ کینسر،ایچ آئی وی ایڈز اوردیگرمُہلک بیماریوں کے حوالے سے بھی آگہی مُہم میں بھرپورحصّہ لیتی رہی ہیں،انہوں نے باراک اوباما کی الیکشن مُہم میں بھی نہ صرف بھرپور حصّہ لیاابلکہ اوباما کی حمایت میں تین ریلیوں میں فن کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔
کیٹی پیری گریمی کے علاوہ دوامریکن میوزک ایوارڈز،پانچ ایم ٹی وی ویڈیومیوزک ایوارڈز،چودہ پیپلزچوائس ایوارڈز اورتین گینز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر چکی ہیں،2012ءمیں بل بورڈ نے انہیں ”ویمن آف دی ایئر“ قراردیا تھا۔
اب کیٹی پیری خلائی کمپنی "بلیو اوریجن" کے ذریعے خلا میں سفر کرنے والی سیلیبریٹیز کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں،اس حوالے سےکیٹی پیری کاکہناہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ یہ سفر نہ صرف ان کی بیٹی بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بالی ووڈ کی مہنگی ترین طلاق،کتنی رقم اداکی گئی؟
بلیو اوریجن کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں کیٹی پیری کے علاوہ کئی دیگر معروف خواتین بھی شامل ہیں، جن میں جیف بیزوس کی منگیتر لارین سانچیز، ٹی وی میزبان گائل کنگ، ناسا کی سابق راکٹ سائنسدان عائشہ بوو،ریسرچ سائنسدان امندا نووئین اور فلم پروڈیوسر کیرین فلین شامل ہیں۔
یہ خلائی سفر "نیو شیپرڈ" راکٹ کے ذریعے مغربی ٹیکساس سے کیا جائے گا اور یہ بلیو اوریجن کی 11ویں انسانی خلائی پرواز ہوگی,کیٹی پیری کا اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھاکہ میں اس سفر کو ایک ایسے تجربے کے طور پر دیکھ رہی ہوں جو نہ صرف مجھے بلکہ میری بیٹی اور دوسروں کو بھی ستاروں تک پہنچنے کی ترغیب دے گا،یہ ایک ایسا موقع ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری حدود آسمان سے بھی آگے ہیں۔
اس سے قبل 2021 میں"اسٹار ٹریک" کے مشہور اداکار ولیم شاٹنربھی 90 سال کی عمر میں خلا میں جا چکے ہیں۔