( 24 نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بہت افسوس ہے کہ پاکستان آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے، ہمیں بہت پہلے اس پر کام شروع کر دینا چاہیے تھا، یہی ایسا شعبہ ہے جو ملک کی معیشت چلا سکتا ہے، آئی ٹی کی بدولت پاکستان تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی، ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال ، امن و امان کے قیام میں سیکیورٹی اداروں کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ، جرائم کیخلاف بلا تفریق اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا،گورنرسندھ نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ کے لئے وفاق وصوبہ ایک پیج پر ہیں ، شہر قائد سے سٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات ضروری ہیں، وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے،جبکہ گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات بھی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو نے مزدوروں کو خوشخبری سنا دی
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ آئی ٹی مارکی کا دورہ بھی کیا، طالب علموں نے بھرپور تالیاں بجا کر مہمان کا استقبال کیا، گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ نے طالب علموں سے خطاب بھی کیا،اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ طالب علموں سے کہتا ہوں مایوس نہیں ہونا، ملک کے حالات جلد بہتر ہوں گے، ہمارے پاس عظیم اور بہادر سپہ سالار موجود ہے، جو سرحدی دہشت گردی کے ساتھ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ بھی کررہے ہیں,آرمی چیف جنرل عاصم منیر گرین پاکستان سکیم کے لیے متحرک ہیں , خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )ایک بہترین منصوبہ ہے، اس منصوبے کے ملک کو فائیدہ ہوگا۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ میں بہت شکر گزار ہوں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی صاحب کا ، کہ آپ میرے بلانے پر یہاں تشریف لائے ، آپ نے بطورِ وزیر اعلیٰ پنجاب بہت اچھے کام کیئے ، کچھ روز پہلے روزگار اسکیم سے متعلق پریس کانفرنس کی ، روزگار اسکیم سے آپ تمام طلبہ کے لیئے بھی ہے ، آپ تمام طالب علم روزگار سکیم سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ گورنر اینیشیٹو کے تحت روزگار سکیم شروع کی ہے، سکیم کے تحت کاروبار شروع کرنے والے کو ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپیہ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات کا سنتے آیا ہوں آج یہاں دیکھنے کا موقع بھی مل رہا ہے،گورنر سندھ نے آئی ٹی مارکی کی صورت میں ایک چھوٹا شہر آباد کردیا ہے، یہ کام گورنر سندھ ہی کرسکتے ہیں، آئی ٹی مارکی دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، یہ ایسے کام ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ پاکستان آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے ، ہمیں بہت پہلے یہ کام شروع کر دینا چاہیے تھا، یہی ایسا شعبہ ہے جو ملک کی معیشت چلا سکتا ہے، آئی ٹی کی بدولت پاکستان تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں سے کہتا ہوں وہ دل لگا کر سیکھیں، انشاءاللہ وہ بہت جلد آگے بڑھیں گے، میری دعا ہے اللہ پاک سب کو کامیاب کرے اور گورنر سندھ کو اس کام کا اجر دے،علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گورنر ہاؤس راشن ڈرائیو کا بھی دورہ کیا ، راشن مارکی پہنچنے پر وہاں موجود لوگوں نے ہاتھ ہلا کر گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا ،گورنر سندھ کامران خان ٹسوری نے وفاقی وزیر داخلہ راشن سکیم سے متعلق آگاہی دی ، وفاقی وزیر کو گورنر سندھ نے راشن باکس میں فراہم کیئے جانے اشیاء کا معائینہ بھی کروایا ،وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کسان رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لیا