(سعود بٹ ) باغوں کا شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی لسٹ میں پچھلے کئی روز سے سر فہرست جا رہا ہے، وجہ ہے مسلسل بڑھتی سموگ جسے لیکر ہر شہری پریشان ہے اور اس کا شکار بھی ہو رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے سموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو تدارک کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے ، پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نازیہ جبین کی جانب سے صوبے بھر کی انتظامیہ کو لیٹر لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کمشنر کے اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ ہر اس اقدام کو روکیں جو سموگ کا باعث ہے، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ۔
پی ڈی ایم اے کا انتظامیہ کو کہنا ہے کہ تمام کارخانے جو ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں کارروائی کی جائے، ضلعی انتظامیہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے چلنے والے بھٹوں کے علاوہ باقیوں پر کڑی نظر رکھے،حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلا ف سخت ایکشن لیا جائے ،عوام کے ساتھ رابطہ استوار کریں، جہاں خلاف ورزی ہو اس کی ویڈیو منگوائیں،یونیورسٹیز کالجز اور سکولوں میں سموگ تدارک کیلئے سیمینارز بھی منعقد کروائے جائیں ۔
دوسری جانب ڈی جی ماحولیات ملک ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ محمود بوٹی،کرول گھاٹی،ٹھوکرنیاز بیگ کے اطراف کارروائیاں کی جارہی ہیں ،کرول گھاٹی،محمود بوٹی کے اطراف اسکربر لگوائے جارہے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ لانگ ٹرم پالیسیاں بنائی جائیں اور شجرکاری کو فروغ دیا جائے، ڈی جی ماحولیات کا کہنا تھا کہ زیادہ ترفضائی آلودگی بھارت سے آرہی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تعلیمی اداروں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے ۔