(بابر شہزاد تُرک) ڈیرہ اسماعیل خان و ملحقہ علاقہ جات کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے پریشان کن خبر آ گئی، فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے ڈی آئی خان ریجنل آفس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا.
ایف پی ایس سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈی آئی خان ریجنل آفس آئندہ ماہ 14 دسمبر 2024 کو بند کر دیا جائے گا، ڈی آئی خان ریجنل آفس میں تعینات سٹاف کا اسلام آباد تبادلہ کر دیا گیا اور جملہ سٹاف کو آئندہ ماہ 14 دسمبر سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن ہیڈکوارٹر اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن حکومتی انتظامی اُمور چلانے کیلئے افسران کی بھرتی کا ذمہ دار ادارہ ہے، ڈی آئی خان کے ریجنل آفس کی بندش کے اعلان سے سرکاری افسر بننے کے امیدوار ڈی آئی خان و ملحقہ علاقہ جات کے تعلیم یافتہ نوجوان اضطراب کا شکار ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی اینٹی کرپشن طلبی
دوسری جانب ڈی آئی خان ریجنل آفس میں تعینات افسران اور دیگر عملہ بھی اسلام آباد تبادلے کے حکم پر پریشانی کا شکار ہو گیا ہے۔