جناح ہاؤس حملہ کیس: گرفتار پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Oct 01, 2024 | 18:43:PM

(جمال الدین جمالی) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی  کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما یاسر گیلانی کو شناخت پریڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے جج عرفان حیدر نے ان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس کی جانب سے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ یاسر گیلانی کی شناخت پریڈ میں ان کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں، تفتیشی افسر نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاکہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا سکے۔

یاسر گیلانی کے وکیل یوسف وائیں ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یاسر گیلانی کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے، وکیل نے مزید کہا کہ پولیس نے ہائی کورٹ میں پہلے ہی بیان دیا تھا کہ یاسر گیلانی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر اور وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 5 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کو بڑا دھچکا،اہم رہنما پی ٹی آئی میں شامل

واضح رہے کہ یاسر گیلانی کو لاہور کے جلسے کے دن شاہدرہ سے گرفتار کیا گیا تھا، اور وکیل کے مطابق یہ گرفتاری 9 مئی کے واقعے کے ڈیڑھ سال بعد سیاسی مقاصد کے تحت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں