(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے گرمی کی تپش میں معمولی اضافے کے بعد ایک مرتبہ پھر ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کی جانب کی گئی پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، شانگلہ ، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد،مانسہرہ، مردان،صوابی،چارسدہ،نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرم، ہنگو،کرک،لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسمعیل خان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران بالائی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ رات کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، اس دوران ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، لورالائی،کوہلو،سبی، کوئٹہ، چمن ، قلعہ سیف اللہ ،پشین اورزیارت میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی امید ہے دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نائیجریا میں سیلاب نے تباہی مچادی، 200 افراد ہلاک، لاکھوں بےگھر