شادی سے ہم دونوں کی زندگی کی تنہائی ختم ہوگئی،ثمینہ احمد
زائد العمری میں شادی کرنے کے فیصلے پر بچے بھی حیران ہوگئے تھے کہ اماں کو کیا ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ناموراداکارہ ثمینہ احمد نے اپنے شوہرسینئراداکار منظر صہبائی کی جانب سے شادی کی پیشکش کرنے سے متعلق دلچسپ انکشاف کردیا ۔
ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ نے انکشاف کیاہے کہ شادی کی پیشکش منظر صہبائی کی جانب سے کی گئی تھی، ایک دن ہم ایسے ہی بیٹھے تھے کہ انہوں نے کہا آؤ شادی کرلیتے ہیں، میں چونک گئی، میں نے جواب دینے کی بجائے سوال کیا کہ کیا آپ کوواقعی ایسا لگتا ہے کہ ہمیں شادی کرنی چاہیے؟، جواب میں منظر بولے ہاں مجھے یہی لگتا ہے، تم کیا کہتی ہو؟ جس پر میں نکاح کے لیے رضامند ہوگئی۔
دونوں کے درمیان دوستی کیسے پروان چڑھی؟اس حوالے سے ثمینہ احمد نے بتایا کہ ہم دونوں نے ایک ساتھ ایک ڈرامے میں کام کیا تھا، اس وقت ہمارے درمیان ایسا کچھ نہیں تھانہ ہمیں اندازہ تھا کہ مستقبل میں یہ ہونے والا ہے،جب ڈرامے کی شوٹنگ آخری مراحل میں پہنچی تو ہماری دوستی ہوگئی اورہلکی پھلکی بات چیت شروع ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:"شعلے"کےدومنٹ کے ایک سین پر 23 دن لگے تھے؟ڈائریکٹرکاانکشاف
سینئر اداکارہ نے بتایا مجھے منظر صہبائی کی شخصیت کافی دلچسپ لگی،ڈرامے میں ہم نے میاں بیوی کا کردار نبھایا تھا لیکن ہماری اس وقت باتیں نہیں ہوئیں،ڈرامہ ختم ہوا تو ہماری بات چیت شروع ہوئی،پھر ہم فون پرباتیں کیا کرتے تھے،میں نے اور منظر نے ایک یا دو بار باہر کھانے پر ایک دوسرے سے ملاقات کی تھی۔
ثمینہ احمد نے انکشاف کیا کہ ان کی جانب سے زائد العمری میں شادی کرنے کے فیصلے پر ان کے بچے بھی حیران ہوگئے تھے اور انہوں نے کہنا شروع کیا کہ "اماں کو کیا ہوگیا۔"
انہوں نے بتایا کہ شادی سے ان کی زندگی کی تنہائی ختم ہوگئی،ان کے بچے بیرون ملک مقیم تھے، اب انہیں ساتھی مل چکا,اب انہیں اپنے اکیلے گھر میں جاتے وقت احساس ہوتا ہے کہ کوئی ان کے منتظر ہیں اور وہ ان سے جاکر باتیں کریں گی, شادی کے بعد نہ صرف ان کی بلکہ منظر صہبائی کی زندگی میں بھی تبدیلی آئی، ہم دونوں ایک دوسرے کا سہارا بنے اورہماری تنہائی ختم ہوگئی۔
ثمینہ احمد نے بچوں کے بیرون ملک مقیم ہونے پر کہا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں، بچوں کی اپنی زندگی ہے، ان کے لیے پوری دنیا ہی ان کا گھر ہے، وہ جہاں چاہیں زندگی گزار سکتے ہیں۔
ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 4 اپریل 2020ء کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جوڑے کے نکاح کی چھوٹی سی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی تھی جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔