پارک ملازم نے جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھول دیا، حکام کی دوڑیں لگ گئیں

Feb 02, 2025 | 12:56:PM

(24 نیوز )محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھولنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے جلو پارک میں تعینات ملازم شریف مسیح کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے ترجمان کے مطابق، شریف مسیح نے جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھولا جس کے نتیجے میں شیر پنجرے سے باہر آ گیا۔

شیر کے پنجرے سے باہر آنے پر تعینات عملہ نے بروقت کارروائی کی اور شیر کو بے ہوش کر کے واپس پنجرہ میں منتقل کر دیا۔ شیر کو بے ہوش کرنے کے لیے انجکشن لگایا گیا تاکہ اس کو محفوظ طریقے سے واپس پنجرہ میں لایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:پنجاب، گھروں میں شیر اور چیتے رکھنے پر پابندی

محکمہ نے فوری طور پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر، ڈی ڈی وائلڈ لائف لاہور، اور ویٹرنری آفیسر سفاری پارک شامل ہیں۔ کمیٹی کو 12 گھنٹوں میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وائلڈ لائف ٹیم کی بروقت کارروائی پر انہیں سراہا گیا اور ترجمان نے ان کی کوششوں کو شاباش دی۔

مزیدخبریں