سوشل میڈیا بند یا کھول سکتے اس کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے : چیئر مین پی ٹی اے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم)سید امین الحق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئر مین پی ٹی اے نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا بلاک کر سکتے ہیں یا کھول سکتے ہیں، درمیان کا راستہ نہیں ہے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل پر جماعتوں کے درمیان بات چیت جاری ہے، اُمید ہے جماعتوں کی قیادت کے درمیان بات چیت کا بہتر نتیجہ نکلے گا، بل کمیٹی سے پاس ہو گا تو پارلیمنٹ میں جائے گا۔
مزید پڑھیں:قائمہ کمیٹی کا اڈیالہ جیل کے دورے کیلئے خط
پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ پہلے ٹیلی فون کی جاسوسی کی جاتی تھی، اب شہریوں کی سرویلنس جاری ہے، حکومت کی جانب سے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، وی پی این رجسٹریشن کے معاملے میں حکومت کی نیت خراب ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ میں وضو میں ہوں حلف پر بات کروں گا، 7 میں سے 3 سب میرین کیبل کٹی تھیں، 5 ماہ بعد اکتوبر میں سب میرین کیبل بحال ہوئی ہیں، اکتوبر کے مقابلے میں انٹرنیٹ سروس میں بہتری آئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوالٹی رپورٹ آپ کے سامنے ہے، کچھ غلط ہو، میں جوابدہ ہوں، سوشل میڈیا کی سب کمپنیوں کو خطوط لکھے، دیگر کمپنیوں کو بھی خط لکھ کر پوچھا کہ انٹرنیٹ کا مسئلہ تو نہیں، اگر سروس کا مسئلہ ہوتا تو کمپنیوں کو خط کیوں لکھتے، حکومت نے ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا، ڈیجیٹل ہائی ویز نہیں بنائیں گے تو مسئلہ حل نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سست نہیں کر سکتے، آپ کو ڈیجیٹل ہائی ویز بنانے ہوں گے تب انٹرنیٹ ٹھیک ہو گا، گزشتہ 10 سال میں ایک سب میرین کیبل نہیں آئی ہے، سب میرین کیبلز لانا اور فائبر کیبلز بچھانا حکومت کا کام ہے۔