ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کا گیارہواں اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔
سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’ اڑان پاکستان' (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے سٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے آگاہ کیا۔ کمیٹی نے ملک کے بہتر ہوتے میکرو اکنامک حالات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کیلئے خصوصی اقتصادی زونز SEZs کی اصلاحات کیلئے ایکشن پلان کی منظوری دی۔ کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک، جو کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔ فورم کو انسانی وسائل کی ترقی (HRD) کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔
وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جن سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کے اقدامات، جن سے امن و امان اور سکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کیلئے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
آخر میں وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کیلئے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک سٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات کی جمعہ کے روز بارش اور برفباری کی پیشگوئی