(شعیب مختار )فلائی جناح کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ،گورنر سندھ اور خاندان کے افراد ایک بار پھر حادثے سے بال بال بچ گئے۔
فلائی جناح کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق پرواز میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری فیملی کے ہمراہ سوار تھے،فلائی جناح کے طیارے میں اچانک اڑان بھرنے کے فوری بعد تیکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔
کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے فوری واپس کراچی ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی،پرواز نمبر 670 میں گورنر سندھ سمیت طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔فلائی جناح کے اسی طیارے میں گزشتہ 2 ہفتوں میں تیکنیکی خرابی کے باعث کئی بار ہنگامی لینڈنگ کی ہے، ذرائع سی اے اے کے مطابق پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد اسے منسوخ کردیا گیا،پرواز 25 منٹ تک اڑان بھرتے ہوئے نوابشاہ کی فضائی حدود میں پہنچی تو طیارے میں اچانک تیکنیکی خرابی ہوئی۔
ضرورپڑھیں:لاہور : گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے کا انکشاف،طالبات نے تصدیق کردی
فلائی جناح کا کپتان طیارے کو نوابشاہ سے واپس کراچی ایئرپورٹ لے آیا،ایئر ٹریفک کنٹرول نے رن وے کو لینڈنگ سے قبل کلیئر کرایا۔
سی اے اے نے فلائی جناح کے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا
فلائی جناح کے طیاروں میں تیکنیکی خرابی، ہنگامی لینڈنگ کا معاملہ ،ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی 24 نیوز کی خبر پر ایکشن میں آگئے،سی اے اے نے فلائی جناح کے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا ۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق تکنیکی خرابی دور کرنے اور سی اے اے کی طرف سے کلیئرنس تک طیارے کو اڑان سے روک دیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گورنر کامران ٹیسوری کے طیارے میں فنی خرابی واقع ہوئی تھی جس کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی ۔