ملک میں بڑھتے دہشت گردی کے واقعات پر وزارت داخلہ کا قومی اسمبلی میں تحریری جواب

Sep 02, 2024 | 19:49:PM
ملک میں بڑھتے دہشت گردی کے واقعات پر وزارت داخلہ کا قومی اسمبلی میں تحریری جواب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات سے متعلق وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کروا دیا۔

وزارت داخلہ نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں، رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں جنوری سے دسمبر 2023 کے دوران 930 افراد جاں بحق ہوئے، جنوری سے دسمبر 23 تک 1992 سویلین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے۔

خیبرپختونخوا

وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس دہشت گردی کے 558 واقعات میں 580 افراد شہید اور 1447 زخمی ہوئے، گزشتہ برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 402 اہلکار شہید اور 1054 زخمی ہوئے، گزشتہ برس 178 شہری شہید اور 393 زخمی ہوئے۔

بلوچستان

وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بلوچستان میں 2023 کے دوران  دہشت گردی کے 626 واقعات میں 315 افراد شہید اور 477 زخمی ہوئے، گزشتہ برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 148 اہلکار شہید اور 198 زخمی ہوئے، گزشتہ برس 167 شہری شہید اور 279 زخمی ہوئے۔

سندھ

وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ نے گزشتہ برس دہشت گردی کے 19 واقعات میں 14 افراد شہید اور 31 زخمی ہوئے، 2023 کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اٹھ اہلکار شہید اور 26 زخمی ہوئے، 2023 کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں ایک شہری شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

پنجاب

وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں 2023 کے دوران دہشت گردی کے اٹھ واقعات میں 12 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے، پنجاب میں گزشتہ برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 11 اہلکار شہید اور 9 زخمی ہوئے، 2023 کے دوران ایک شہری شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

اسلام آباد اور گلگت بلتستان

وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 2023 کے دوران اسلام آباد میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا جبکہ گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے 3 واقعات میں 9 افراد شہید اور 26 زخمی ہوئے۔

وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے سائبر کرائم واقعات کی تعداد میں اضافے سے متعلق گزشتہ 3 سالوں کی تفصیلات پر بھی قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کروا دیا، محکمہ داخلہ کی جانب سے جمع کروائے گئے تحریری جواب کے مطابق سال 2021 میں ایک لاکھ 15 ہزار 868 شکایات موصول ہوئیں، 80 ہزار 803 شکایات کی تصدیق ہوئی، 15 ہزار 766 انکوائریاں کی گئیں، 1223 ایف آئی آرز کی گئیں، 38 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

سال 2022 میں ایک لاکھ 36 ہزار 24 شکایات موصول ہوئیں، 83 ہزار 552 کیسز کی تصدیق ہوئی، 14 ہزار 380 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں، 1469 ایف آئی آرز ہوئیں اور 48 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں سے کاشتکاروں کو کتنا نقصان ہوا؟ وزیرزراعت سندھ نے بتا دیا

اسی طرح سال 2023 میں ایک لاکھ 34 ہزار 710 شکایات موصول ہوئیں، 82 ہزار 396 کیسز کی تصدیق ہوئی، 18 ہزار 12 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں، 1375 کیسز کی ایف آئی آرز ہوئیں جبکہ 92 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔