روسی اداکارہ کو سمندری لہر کھینچ لے گئی، آخری لمحات کی ویڈیو وائرل

Dec 03, 2024 | 10:54:AM

(ویب ڈیسک) نوجوان روسی اداکارہ تھائی لینڈ کے ایک مشہور سیاحتی مقام پر یوگا کرتے ہوئے ایک المناک حادثے میں ہلاک ہو گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  یہ افسوسناک واقعہ تھائی لینڈ کے کوہ ساموئی جزیرے پر پیش آیا ، جہاں 24 سالہ اداکارہ سمندی لہر کے باعث اپنی جان گوا بیٹھی۔

 اداکارہ ایک ساحلی علاقے پر تھی جب اچانک سمندری لہر آئی اور وہ اس میں بہہ گئیں۔ ان کے آخری لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سمندری لہر کے آنے کے بعد وہ کس طرح اس سے بچنے کی کوشش کر رہی تھیں، مگر قدرتی آفات کے سامنے کوئی انسان بے بس ہوتا ہے۔

پولیس کے مطابق کمیلا بیلیٹسکیا نامی اداکارہ سرخ رنگ کی کار میں ایک ساحل کے قریب یوگا کے لیے پہنچی تھیں۔ ایک بڑی چٹان پر یوگا کے دوران ایک تیز لہر انہیں اپنے ساتھ بہا لے گئی جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : نرگس فخری کی بہن سابق بوائے فرینڈ کے قتل کے الزام میں نیویارک میں گرفتار

رپورٹ کے مطابق ریسکیو ٹیم واقعے کے 15 منٹ بعد پہنچی۔ شروعات میں انہیں تیز سمندری لہروں کے باعث تلاش روکنی پڑی لیکن بعد ازاں ریسکیو ٹیم نے اداکارہ کی لاش کو پانی سے نکال لیا۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ تھائی لینڈ بیچ پر یوگا کرنے گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ جہاں روسی اداکارہ کمیلا کی موت واقع ہوئی وہ ان کے لیے سب سے پرسکون مقام ہوا کرتا تھا۔

روسی اداکارہ کی موت کے بعد ساموئی ریسکیو سینٹر کے سربراہ چائی پورن سبپراسرٹ نے بیان میں کہا کہ مون سون سیزن کے دوران ہم سیاحوں کو مسلسل متنبہ کرتے ہیں، خاص طور پر چاوینگ اور لامائی کے ساحل پر جہاں ڈوبنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے وہاں سرخ جھنڈے تیراکی نہ کرنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

افسوسناک واقعے کے بعد حکام نے مذکورہ مقام پر لوگوں کے جانے پر مکمل پابندی عائد کردی۔

مزیدخبریں