(احمد منصور) 24 تا 26نومبر تک پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہروں کے دوران جہاں دیگر سکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوئے انہیں میں ایس ایچ او تھانہ نیو ائیرپورٹ طاہر اقبال بھی شامل ہیں، شرپسندوں نے ایس ایچ او طاہر اقبال کو شدید زخمی کیا اور ان کا ایک بازو بھی فریکچر ہوا۔
زخموں سے صحت یاب ہونے کے بعد ڈیوٹی پر پہنچ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ ''24 نومبر 2024ء کو میں لاء اینڈ آرڈر کیلئے موٹر وے پر تعینات تھا، رات تقریباً 11 بجے پرتشدد مظاہرین سے ہمارا سامنا ہوا، یہ تمام مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے جبکہ ہم انہیں بغیر اسلحہ کے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اسی دوران آس پاس کی پہاڑیوں پر موجود عسکری شرپسند جن کے پاس آتشی اسلحہ تھا وہ ہم پر حملہ آور ہوئے۔
ایس ایچ او طاہراقبال کا کہناتھا کہ ان تمام عسکری شرپسندوں کے پاس تیس بور رائفل اور پسٹل تھے، ان شرپسندوں نے پہاڑوں پر آگ لگائی اور فائرنگ کرتے ہوئے ہماری جانب بڑھنے لگے، ان شرپسندوں کی جانب سے پھینکے گئے شیلز کی وجہ سے میری حالت غیر ہو گئی اور پرتشدد مظاہرین نے مجھے گھیر لیا، ان شرپسندوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کھائی میں پھینک دیا جس سے میرا بازو فریکچر ہو گیا اور دیگر چوٹیں بھی آئیں۔
ان کا کہناتھا کہ اسی دوران ڈی پی او کے سکواڈ نے مجھے کھائی سے ریسکیو کیا، اگر ایسا بروقت نہ کیا جاتا تو شاید آج میں یہاں موجود نہ ہوتا، آج میں نے ایک بار پھر اپنی ڈیوٹی کو جوائن کرلیا ہے اور میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہوں ، آئندہ جب بھی ہمیں فرض نے پکارا ہم اس پکار پر لبیک کہتے ہوئے حاضر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : بہاولپور میں المناک واقعہ،گھر سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد