(ویب ڈیسک) مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 15 فیصد کمی، پٹرول کی فروخت میں 7.68 ملین ٹن کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
او سی اے سی اور عارف حبیب ریسرچ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر) میں ملک میں 7.68 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 9.03 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
دسمبر میں ملک میں 1.24 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے مقابلہ میں 10 فیصد کم ہے۔ نومبر میں 1.37 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ دسمبر 2022 کے مقابلے دسمبر 2023 میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کمی ہوئی۔
مزید پڑھیں: سڈنی ٹیسٹ: پہلی اننگ میں پاکستان نے9 وکٹوں پر 264 رنز بنا لیے
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں 3.57 ملین ٹن پٹرول ، 3.16 ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل اور 0.56 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈکی گئی۔ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پی ایس او کے 3.85 ملین ٹن، اٹک پٹرولیم کے 0.78 ملین ٹن اور حسکول کی 0.20 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔