73 کروڑ خواتین پر شوہروں کا تشدد:کیا اداکارہ نرگس نے اپنے خاوند کو معاف کردیا؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)دنیا میں ہر سال کتنی خواتین شوہروں کے تشدد کا نشانہ بنتی ہیں؟اس عمل کو کیسے روکا جاسکتا ہے؟اداکارہ نرگس نے اپنے شوہرکو معاف کردیا؟
اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ویمن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں تقریباً 73 کروڑ خواتین اپنے شوہر یا کسی اور مرد کے ہاتھوں جسمانی یا جنسی تشدد کا شکار بنائی جا چکی ہیں،اس تحقیق سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں خواتین پر اجنبی مردوں سے کہیں زیادہ تشدد ان کے شوہر یا مرد ساتھی کرتے ہیں۔
پاکستان میں بھی گھریلو تشدد کے واقعات رونما ہوتے ہیں جن میں کئی ایسی خواتین بھی شامل ہیں جن کا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے ۔جیسا کہ اینکر پرسن عائشہ جہانزیب پر اُن کے شوہر کی جانب سے تشدد کرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا اور بعد میں اِن کی اپنے شوہر کے ساتھ صلح صفائی کا معاملہ بھی طے پا گیا۔پھر اِسی طرح اداکارہ نرگس پر شوہر ماجد بشیر کے مبینہ تشدد سے متعلق اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد لاہور پولیس نے اداکارہ نرگس کی مدعیت میں شوہر ماجد بشیر کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کیا تھا۔ لیکن اب اِس کیس کا بھی ڈراپ سین ہوچکا ہے ۔
ضرورپڑھیں:کرم میں امن کی طرف ایک او رقدم،مقامی سیاسی اور قبائلی افراد پر مشتمل کمیٹیاں قائم
اداکارہ نرگس اور اُن کے شوہر میں بھی صلح نامہ ہوچکا ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فریقین کی جانب سے باہمی رضا مندی سے صلح نامہ لاہور کی سیشن عدالت میں جمع کروایا گیا ہے، جس کے بعد شوہر ماجد بشیر نے عدالت سے عبوری ضمانت کی درخواست بھی واپس لے لی ہے۔
صلح نامے کے حوالے سے اداکارہ نرگس کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں فریقین کے بڑوں نے باہمی رضامندی سے معاہدہ کروایا ہے، بڑوں کے کہنے پر اداکارہ نے شوہر کو معاف کردیا ہے، اب کوئی فریق معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔اب ممکن ہے کہ اداکارہ نرگس نے دل سے اپنے شوہر کو معاف کردیا ہوگا اُن پر معافی کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا ہوگا۔اگر دونوں فریقین میں صلح ہوگئی ہے تو یہ خوش آئند بات ہے ۔
ہونا تو یہ چاہئے کہ جو بھی ڈومیسٹک وائلنس جیسے جرم کا ارتکاب کرے اُس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور اِس کو مثال بنایا جائے تو کوئی بھی اِس جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے کئی بار سوچے گا کہ اگر وہ گھریلو تشدد کا ارتکاب کرے گا تو قانون اِس کے گرد سخت گھیرا تنگ کرے گا۔