(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے خیبرپختونخوا میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی اور ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگوکی۔
حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں شفاف انتخابات ہوئے ہیں۔سروے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔سروے کے مطابق 58 فیصد لوگوں نے انتخابات کے نتائج کو قبول کیا ہے،حکومت پھولوں کی سیج نہیں ہے،حکومت کو معاشی چیلنجز سمیت بہت سارے مسائل کا سامنا ہے،ملک کو عدم استحکام پر دھکیلنےکے بجائے عوامی مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر شہباز شریف کو ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں،تمام اتحادیوں کا شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے،ہمیں قومی اسمبلی کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے،شہباز شریف نے پہلے بھی شبانہ روز محنت سے ملکی معیشت کو بہتر کیا۔
ضرورپڑھیں:شہباز شریف بطور وزیراعظم پاکستان کیلئے خوشخبری ہیں:مریم اورنگزیب
ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن شفاف تھے،آج وزیر اعظم کے انتخاب کا دن ہے،آج ضروری ہے کہ پاکستان کے لیے ڈائیلاگ کیا جائے۔ پی ٹی آئی کو کہتا ہوں قانونی طریقے سے اپنے حق کی جنگ لڑیں نا کہ لڑائی جھگڑا کریں،ایم کیو ایم مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان میں سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی استحکام بھی آئے گا۔ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان کے مسائل کا حل کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز جاکھرانی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان کا وطیرہ ہے ملکی معیشت حالات تباہ کر دیے،اس وقت ملک کے حالات کچھ اچھے نہیں،ان حالات سے نکلنے کیلئے شہباز شریف کا وزیراعظم بننا ضروری تھا،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ڈائیلاگ کی حمایت کی ہے،مل جل کر حکومت کو چلائیں گے۔