(سید نعمان شاہ ) خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں رات گئے سے مسلسل بارش اور برفباری کی سلسلہ جاری ہے، بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ شہر اور گردونواح میں رات گئے سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے، ہزارہ ڈویژن کے اپر اضلاع جیسے بٹگرام، کوہستان اور تورغر میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے،وادی کاغان، شوگران اور ناران میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں ناران میں 3 فٹ، کاغان اور شوگران میں 2 فٹ تک برف پڑی، شدید برف باری کی وجہ سے شاہرہ کاغان سمیت مختلف رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں،اس کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہرہ قراقرم کو بھی شدید بارش کے باعث نہیں کھولا جا سکا جبکہ گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
دوسری جانب اٹک شہر اور گردونواح میں بھی صبح سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اٹک اور حسن ابدال میں شدید ژالہ باری نے سڑکوں کو سفید کر دیا ہے اور اس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: بادلوں کی پھر انٹری، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشیں، پہاڑوں پر برفباری