غزہ کو امدادی سامان کی ترسیل ، الخدمت فاؤنڈیشن اور جورڈن چیرٹی آرگنائزیشن کے مابین معاہدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورجورڈن ہاشمائٹ چیرٹی آرگنائزیشن کے درمیان اردن سے غزہ سامان بھجوانے کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے، الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پاکستان سے بھجوایا گیا امدادی سامان اردن سے کرم شیلون کراسنگ اسرائیل کے راستے غزہ پہنچے گا۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جورڈن ہاشمائٹ چیرٹی آرگنائزیشن کے مابین اردن سے غزہ سامان کی ترسیل سمیت رفاہ عامہ کے شعبہ میں ملکر کام کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا،اِس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور اور الخدمت آغوش کے نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک کی اردن کی چیرٹی آرگنائزیشن ہاشمائٹ فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبد الشکور اورجورڈن ہاشمائٹ چیرٹی آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حسین الشبلی نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔ اِس موقع پر اردن میں تعینات پاکستانی سفیر محمداجمل اقبال بھی موجود تھے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبد الشکور نے معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رفاہ عامہ کے شعبے میں باہمی تعاون اور غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے نظام کو مربوط بنانے کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے۔ اِس سے پہلے پاکستان سے بھجوایا گیا سامان صرف رفح کراسنگ مصر کے رستے غزہ پہنچ رہا تھا لیکن اقوام متحدہ اور بین الاقوامی دباؤ کے نتیجے میں اسرائیل امدادی سامان کی ترسیل کے نیا روٹ اختیار کرنے پر رضامند ہوا ہے جس سے رفح کراسنگ پر رش کم ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پاکستان سے اردن پہنچنے والا امدادی سامان براستہ کرم شیلون کراسنگ اسرائل متاثرین غزہ تک پہنچے گا، جورڈن ہاشمائٹ چیرٹی آرگنائزیشن امدادی سامان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ’دی یونائیٹڈ نیشنز ریلیف اینڈ ورک ایجنسی فار فلسطینی ریفیوجی‘ کے تعاون سے رپورٹنگ کا کام بھی سر انجام د ے گی۔ محمد عبد الشکور نے بتاہا کہ پاکستان سے اردن پہنچنے کے بعد امدادی سامان 24 گھنٹے میں غزہ پہنچے گا اور آج ا غذائی اجناس اور ادویات پر مشتمل پہلا ٹرک غزہ کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ اردن میں تعینات پاکستانی سفیر محمد اجمل اقبال نے الخدمت فاؤنڈیشن کی اہل غزہ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اردن میں امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں الخدمت فاؤنڈیشن کے وفد نے جورڈن ہاشمائٹ چیرٹی آرگنائزیشن کے وئیر ہاؤس کا دورہ بھی کیا جہاں آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حسین الشبلی نے انہیں غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں : بس بہت ہوا؟،وزیراعظم نےنوٹس لے لیا