اداکارہ نرگس کے شوہر ماجد بشیرنے عبوری ضمانت حاصل کرلی

جھگڑے ہر گھر میں ہوتے ہیں، کردار کشی کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی کروں گا

Nov 03, 2024 | 12:21:PM

(ویب ڈیسک) اداکارہ نرگس پر مبینہ تشدد کرنے والے اُن کے شوہر ماجد بشیر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے 18 نومبر تک عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

پنجاب پولیس کے انسپکٹر ماجدبشیر نے کہاہے کہ میری اہلیہ باکردار عورت ہے ، جھگڑے تو ہر گھر میں ہوتے ہیں، کچھ لوگ اس واقعے پر کردار کشی کررہے ہیں جن کے خلاف میں قانونی کارروائی کروں گا۔

ماجدبشیرنے مؤقف اختیار کیا کہ نرگس تاحال میرے نکاح میں ہے اور یہ ہمارا ذاتی جھگڑا ہے، میاں بیوی کے درمیان ہر گھر میں جھگڑے ہوتے ہی ہیں،جو لوگ اس واقعہ پر کیچڑ اچھال رہے ہیں یا کوشش کر رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کروں گا اور ہر وہ حربہ استعمال کروں گا جو ایک عزت دار انسان کرتا  ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ نرگس پر تشدد ثابت،پولیس نے میڈیکل مکمل کروا لیا

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ نرگس کوشوہرنے تشدد کا نشانہ کیوں بنایا؟ وجہ سامنے آ گئی

واضح رہے کہ انسپکٹر ماجد بشیر پر تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج ہے جس کی تفتیش جاری ہے اور پولیس مقدمہ کے اندراج کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی تھی۔

دوسری طرف اداکارہ نرگس کے بیٹے نے کینیڈا کے سفارت خانے کواپنی ماں پر ہونے والے تشدد کے بارے میں درخواست بھجوا دی جس میں ملزم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیاگیاہے،درخواست اداکارہ کے بیٹے علی مرتضیٰ نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے پاکستانی سفارت خانے کو ارسال کی جس میں مؤقف اپنایا کہ میری والدہ غزالہ المعروف نرگس کے چہرے اور پورے جسم پر مبینہ طو رپر اس کے شوہر  نے تشدد کیا ہے۔

علی مرتضیٰ نے درخواست میں مطالبہ کیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے جرم کی سزا دی جائے اور میری والدہ غزالہ نرگس کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔

کینیڈین سفارت خانے کے قونصلر کی طرف سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بھی نرگس کے بیٹے کی جانب سے ارسال کی گئی درخواست کے بارے میں آگاہ کر دیا گیاہے،اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہناہے کہ نرگس تشدد کیس میں میرٹ پر تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ یکم نومبر کو لاہور میں سابقہ اداکارہ غزالہ ادریس عرف نرگس پر مبینہ طور پر ان کے شوہر کی جانب سے تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا، اداکارہ کے بھائی خرم ادریس بھٹی نے 15 پر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی تھی،اس کے بعد پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے نرگس سے ملاقات کرکے انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

نرگس نے اپنے شوہرماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ ان کے شوہر نے ان سے جائیداد کے کاغذات اور پیسے مانگے تھے اور ایک خاتون کو گھر لانا چاہتے تھے، جس سے انکار پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔

مزیدخبریں