پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ

Oct 03, 2024 | 12:44:PM
پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(آئمہ خان) رواں سال ستمبر کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 20 فیصد اضافے سے 1.27 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی ۔

بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل)  نے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق فروخت میں اضافہ ایم ایس اور ایچ ایس ڈی کی قیمتوں میں بالترتیب 20.19 فیصد اور 20.06 فیصد کی کمی کے درمیان زیادہ طلب کی وجہ سے ہوا ہے ۔ گزشتہ ماہ پٹرول کی طلب میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 0.63 ملین ٹن رہی ،اسی طرح ستمبر 2024 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی ترسیل 25 فیصد اضافے کے ساتھ 0.49 ملین ٹن رہی۔

دوسری جانب فرنس آئل (ایف او) کی فروخت کا حجم18 فیصد کم ہوکر 0.07 ملین ٹن تک پہنچ گیا، جس کی وجہ ایف او پر مبنی بجلی کی پیداوار کی کم طلب ہے ۔ماہانہ بنیاد پر ستمبر کے دوران پی او ایل مصنوعات کی طلب میں 5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ اگست میں یہ 1.22 ملین ٹن تھی۔

اس کے علاوہ ستمبر 23 کے مقابلے ستمبر 24 میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 20 فیصد بڑھ گئی،ستمبر 2024 میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 12 لاکھ 70 ہزار ٹن رہی  جبکہ  ستمبر 2023 میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 10لاکھ 60 ہزار ٹن رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ

 ستمبر 23 کے مقابلے ستمبر 24 میں پیٹرول کی فروخت 22 فیصد بڑھ گئی، ستمبر 24 میں پیٹرول کی فروخت 6 لاکھ 30 ہزار ٹن رہی جبکہ  ستمبر 23 میں پیٹرول کی فروخت 5 لاکھ 20 ہزار ٹن رہی تھی۔

ستمبر 23 کے مقابلے ستمبر 24 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 25 فیصد بڑھ گئی، ستمبر 24 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 4 لاکھ 90 ہزار ٹن رہی  جبکہ ستمبر 23 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 3 لاکھ 90 ہزار ٹن تھی۔