ملائیشیا کے ساتھ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے، وزیراعظم

Oct 03, 2024 | 16:18:PM
ملائیشیا کے ساتھ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے، وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے ساتھ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشیا کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرغور ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات سیر حاصل اور بامعنی رہی، ملائیشیا کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ہم طےکردہ معیار پر پورا اتریں گے، مزید کہنا تھا کہ باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے ملائیشین ہم منصب کی خدمات قابل قدر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حقوق کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں، انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ اچھے الفاظ سے مخاطب کرنے، میزبانی، سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد برادر ملک ہے، میرا یہ دورہ بڑا معنی خیز ہے، قائد اعظم محمد علی جناح بصیرت افروز اور دور اندیش رہنما تھے، میں نے کئی بار ان کے فرمودات کا اپنی تقاریر میں حوالہ دیا ہے۔

داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہمارا وسیع تبادلہ خیال نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ہوا ہے بلکہ بااعتماد دوست ملک کے حوالے سے ہوا ہے، ہم نے متعدد مسائل پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلے مہینے کولالامپور میں ملاقات کریں گے، ہمیں امید ہے کہ جن باتوں پر ہمارے درمیان اتفاق ہوا ہے، اس پر عملدرآمد کو ممکن بنائیں گے۔

داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ حلال گوشت کی درآمد کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، ہم پاکستان سے درآمدات کے حوالے سے چیزوں کو تیز کررہے ہیں، ہم پاکستان سے ایک لاکھ ٹن چاول درآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کراچی میں ملائیشیا اپنا تجارتر دفتر بھی کھولے گی، مزید کہا کہ ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے، ملائیشیا میں ہم آئی ٹی، ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر توجہ دے رہے ہیں۔