اسلام آباد میں احتجاج سی پیک اور پاکستان کے عالمی امیج کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے: احسن اقبال

Oct 03, 2024 | 21:32:PM

(اویس کیانی) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ لوگ احتجاج سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج اور سی پیک کو سبوتاج کرنے کی سازش کر رہے ہیں جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور پاکستان مسلم لیگ کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں بھی سیاسی جماعت نے ڈی چوک پر دھرنا دے کر چینی صدر کے دورہ کو روکا تھا، اب 11 سال بعد چینی وزیراعظم کے دورے پر احتجاج کی کالز وہی طریقہ کار ہے، قوم اب ان چہروں کو پہنچان چکی ہے، پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے، ایس سی او سمٹ کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں چین اور روس کے وزراءِ اعظم بھی آ رہے ہیں، ہمیں اس اہم موقع پر پاکستان کا بہترین چہرہ پیش کرنا چاہیے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنے احتجاج سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج اور سی پیک کو سبوتاج کرنے کی سازش کر رہے ہیں جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ اہم ہے، سپریم کورٹ نے آج ماضی کی غلطی کو دور کیا ہے، ماضی میں سپریم کورٹ کے فیصلے نے آئین کو تبدیل کیا تھا، آئین کو بحال کیا گیا ہے اور قابل تحسین اقدام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کر دیا

سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے مزید کہا کہ آج سپریم کورٹ نے آئین کو بچایا ہے کیونکہ یہ تاثر تھا کہ سپریم کورٹ آئین کو ری رائٹ کر سکتا ہے، آئینی ترمیم کے لیے ماضی کی طرح قانون سازی کے لیے بلڈوز نہیں کیا جیسے فیٹف کے لیے 22 قوانین کو ایک ساتھ ختم کیا تھا، آئینی ترمیم کیلئے سیاسی عمل اور مشاورت  کی گئی اور اب آئینی ترمیم کے پاس ہونے میں کوئی مشکل نہیں۔

مزیدخبریں