پاکستان شاہینز نے این ٹی اسٹرائیک کے خلاف ون ڈے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا

جہانداد خان   کی کریئر   بیسٹ بولنگ 26  رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مبصرخان نے18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

Aug 04, 2024 | 15:44:PM
پاکستان شاہینز نے این ٹی اسٹرائیک کے خلاف ون ڈے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پاکستان شاہینز  کی  این ٹی اسٹرائیک کے خلاف ون ڈے میچ میں فتح،  پاکستان شاہینز نے اپنے ڈارون ٹور کے  وائٹ بال مرحلے کے پہلے ون ڈے میں این ٹی اسٹرائیک کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستان شاہینز کے بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں میزبان ٹیم46.1  اوورز میں 142رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستان شاہینز نے مطلوبہ اسکور 35.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان شاہینز کے بولرز میں جہانداد خان اور مبصر خان نمایاں رہے، جہانداد خان نے اپنے  کریئر کی   بیسٹ بولنگ کر کے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا جبکہ مبصرخان نے اپنی آل راؤنڈر کاردگردگی سے مخالف ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔

جہانداد خان نے26  رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ون ڈے میں بہترین بولنگ ہے، اس سے قبل ان کی بہترین بولنگ 39 رنز کے عوض 3 وکٹیں گزشتہ سیزن میں  اپنے ڈیبیو میچ میں  راولپنڈی کی طرف سے فاٹا کے خلاف  تھیں، مبصرخان نے18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میزبان ٹیم کی طرف سے جگدیسورا نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے59  رنز اسکور کیے۔

ضرورپڑھیں:پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ایک چیلنج ،اب کی بار ٹف ٹائم دیں گے،بنگلہ دیشی کرکٹر

پاکستان شاہینز کو ابتدا میں حسیب اللہ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور عثمان خان نے دوسری وکٹ کے لیے 52 رنز کا اضافہ کیا لیکن  میٹ ہیمنڈ نے اپنے ایک ہی اوور میں عثمان خان اور کپتان محمد حارث کو آؤٹ کردیا، عثمان خان نے20 رنز بنائے جبکہ محمد حارث کوئی رن نہ بناسکے۔
پاکستان شاہینز کی مشکلات اسوقت بڑھ گئیں جب صاحبزادہ فرحان چار چوکوں کی مدد سے30  رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، 60 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مبصرخان اور عرفان خان نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 34 رنز کا اضافہ کیا، عرفان خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مبصرخان اور عرفات منہاس نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 31  رنز کا اضافہ کیا، عرفات منہاس 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،مبصرخان نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے  3چوکوں کی مدد سے 32 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، جہانداد خان 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،  میٹ ہیمنڈ  نے 29 رنز دے کر 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان شاہینز دورے کا  دوسرا ون ڈے میچ منگل کو بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی۔