محسن نقوی کی ایمل ولی خان سے ملاقات ، کرم حملے میں زخمیوں سے اظہار یکجہتی کی

Jan 04, 2025 | 19:14:PM

(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اے این پی رہنما ایمل ولی خان نے لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر حملے کی مذمت کی، زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیا اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے لوئر کرم کی تحصیل بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی اور ڈپٹی کمشنر کرم اور دیگر زخمیوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فائرنگ کے ذریعے اصل میں امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتی تھیں اور یہ حملہ بزدل دشمن کی سوچی سمجھی سازش تھی جو ناکام رہی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور خیبرپختونخوا کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کرم میں امن عامہ یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی کابینہ میں توسیع، 25 نئے اراکین شامل

انہوں نے کہا کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کر دیے گئے ہیں۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ کرم امن معاہدے کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کی مخلصانہ کوششوں کی قدر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے گرینڈ جرگہ کے تمام عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پائیدار امن کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن پر عملدرآمد سے علاقے میں امن کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا اور دہشت گردی کے جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کو وطن کے لیے قربان کیا، ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایمل ولی خان نے بھی کہا کہ شہداء نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی اور وہ پاکستان کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔

مزید پڑھیں:معیشت کیلئے بڑی خوشخبری، پاکستان کو 40 ارب ڈالرز تک قرض ملنے کا امکان

مزیدخبریں