(24نیوز) وفاقی کابینہ نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری دیدی ہے جو سرکولیشن کے ذریعے لی گئی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.72 روپے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ حکومت کو بھجوایا تھا، نیپرا کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ مالی سال 2024-25 کیلئے اور بجلی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ دیا گیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نیپرا نے بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 29.78 سے بڑھا کر 35.50 روپے فی یونٹ منظور کیا تھا جب کہ وفاقی کابینہ کا فیصلہ یکساں ٹیرف کیلئے نیپرا کو بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کی توثیق کے بعد حکومت بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے پروگرا م میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا بجلی کے بل کم ہوں گے؟ جس کے جواب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس میں ٹائم لگے گا، آئیڈیا یہ ہے کہ ڈسٹریبیوشن کمپنیوں یعنی ڈسکوز کے بورڈ میں تعینات سیاسی لوگوں کو نکالا جائے اور پرائیویٹ سیکٹر کے لوگوں کو لایا جائے اور بورڈ کی سربراہی پرائیویٹ سیکٹر کے فرد کو کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صدارتی آرڈیننس کے زریعے ایسا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ چیلنج ہوگیا، اب یہ بل سینیٹ میں ہے اور پھر قومی اسمبلی میں جائے گا، لیکن قانون سازی میں وقت لگتا ہے، ہماری کوشش تھی کہ بورڈز میں یہ تبدیلی اسی وقت کردی جاتی جب ہم آئے تھے، تعیناتیوں کی نامزدگیاں بھی آگئی ہیں، سب کچھ تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یکم محرم الحرام کو چھٹی کا اعلان
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بورڈز میں تبدیلی کی ضرورت اس لئے ہے کہ ہمیں ڈسکوز کو پرائیوٹائزیشن کی طرف لے جانا ہے، یہ بھی کوشش کر رہے ہیں کہ صنعتوں کیلئے گروس سبسڈی والا معاملہ کافی حد تک کنٹرول کیا جاسکے۔