وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سےبرطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے برطانوی ہائی کمشنر جین میرئیٹ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے برطانوی اداروں کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں معدنیات، توانائی اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مستقبل میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے، اور صوبے میں برطانوی سرمایہ کار اداروں کی طرف سے سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتی ہے، سرمایہ کاری کے پیچیدہ مراحل کو آسان بنانے پر کام کررہے ہیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت رہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا، صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
زراعت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سمال ڈیموں کی تعمیر پر کام کر رہے ہیں جبکہ زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے مزید بتایا کہ ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کی بورڈ سے گاڑی چلانےوالے نوجوان کو علی امین گنڈاپور کا قیمتی تحفہ