مارچ میں جنوری کی جھلک، بالائی علاقوں میں برف ہی برف، سیاحوں کا داخلہ بند

Mar 04, 2025 | 09:24:AM

( 24 نیوز ) مارچ میں جنوری کی جھلک، بالائی علاقوں میں برف ہی برف، آسمان سے گرتے سفید گالوں نے ہر شے کو دامن میں چھپا لیا۔

 تین روزہ وقفے کے بعد ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری ہوئی، 12 انچ سے زائد برف پڑ چکی، نتھیا گلی اور ایوبیہ 14، چھانگلہ گلی میں 16 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے مری اور گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

 یہ بھی پڑھیں:تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا فیصلہ

برف باری کے باعث اسلام آباد مری ایکسپریس وے عارضی طور پر بند کر دی گئی، گلیات کے تعلیمی اداروں میں 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، مالم جبہ میں 19 اور کالام میں 18 انچ تک سنو فال ہوئی، ہیوی مشینری کی مدد سے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

وادی شگر میں شدید برفباری سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، اپر چترال میں کئی کئی انچ تک برف باری ہوئی، ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی سپیل شروع ہوگیا، اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بادلوں نے رنگ جما دیا۔

آزادکشیر میں اپرنیلم، لوات بالا اور شاردہ میں بھی برفباری ہوئی,جاگراں ویلی میں گلیشیئر کی زد میں آنے سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں زیارت،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی جبکہ چمن،قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ 

بلوچستان میں آج غیرمعمولی سردی کی لہر داخل ہونےکا امکان ہے۔

 مزید پڑھیں:ہزارہ ڈویژن میں مسلسل بارش اور برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ

جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 60 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، مندرہ، روات، موہڑہ میں شدید ژالہ باری ہوئی، اولوں کی سفید چادر بچھ گئی۔

  لاہور  میں بارش کے بعد سورج کی کرنوں سے شہر کا مطلع صاف ہو گیا ، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، زیادہ سے زیادہ 21 اور کم سے کم 9 ڈگری رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کے کوئی امکانات نہیں۔

 شہر میں سمندری ہوائیں چلنے سے آئندہ چند روز تک موسم خوشگوار رہے گا,محکمہ موسمیات  کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں