پنجاب پولیس کو مطلوب7 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار

Stay tuned with 24 News HD Android App

(علی ساہی) پنجاب پولیس کے سپیشل آپریشنز سیل نے بھتہ خوری، راہزنی، ڈکیتی سمیت درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب 7 خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا۔ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 16 ہوگئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں اشتہاری مجرمان کو لے کر شارجہ سے پاکستان روانہ ہوچکی ہے اور آج رات لاہور ائرپورٹ پہنچے گی، گرفتار کئے ملزمان میں اشتہاری سفیان علی پولیس مقابلے، دہشتگردی ، پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملہ میں فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے مقدمہ میں گوجرانوالہ پولیس مطلوب تھا، خطرناک مجرم سفیان مختلف اضلاع کی پولیس کو دہشتگردی، بھتہ خوری، ڈکیتی، راہزنی کے 32 مقدمات میں کئی سالوں سے مطلوب تھا،اشتہاری عبدالطیف نے 2023ء میں رحیم یار خان میں اپنی بھابھی کو قتل کیا، اشتہاری مجرمان زوہیب سیالکوٹ پولیس، محمد جلیل ڈی جی خان پولیس کو مسلح رابری کی وارداتوں میں مطلوب تھے، اشتہاری رمیز اشرف راولپنڈی پولیس کو اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا،اشتہاری عکاشہ اقبال سیالکوٹ پولیس کو جعلی ویزوں کا جھانسہ دے کر رقم ہتھیانے کے مقدمہ میں مطلوب تھا،اشتہاری مجرم محمد عثمان لاہور پولیس کو بوگس چیک دینے کے مقدمہ میں ملوث تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار کرکے پاکستان لائے جانے والے یہ اشتہاری مجرمان جرائم کا ارتکاب کرکے متحدہ عرب امارات فرار ہو گئے تھے، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری مجرمان کا ریڈ نوٹس جاری کروایا،و اے ای پولیس حکام نے ملزم کو پنجاب پولیس ٹیم کے حوالے کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری پر آر پی او، طیب حفیظ چیمہ سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم اور ڈی پی او سیالکوٹ کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے،ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کی مدد سے بیرون ممالک مفرور دیگر اشتہاری مجرمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بشری بی بی نے مشال یوسفزئی کو ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا،4فوکل پرسن مقرر