65 ہزار مستحق افراد کو مالی اور سفری سہولیات، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ’ہمت کارڈ‘ لانچ کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی افراد کے لیے انقلابی اقدام کرتے ہوئے مخصوص افراد کے لئے ’ہمت کارڈ‘ لانچ کر دیا جس کے تحت 65 ہزار مستحق افراد کو مالی اور سفری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی افراد کے لیے ایک منفرد اور انقلابی اقدام کرتے ہوئے ریکارڈ وقت میں ’چیف منسٹر ہمت کارڈ‘ لانچ کر دیا، اس کارڈ کے ذریعے 65 ہزار مستحق خصوصی افراد کو ہر 3 ماہ بعد ساڑھے 10 ہزار روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چیف منسٹر ہمت کارڈ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی، تقریب میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء سہیل شوکت بٹ، چوہدری شافع حسین، شیر علی گورچانی، ایم پی اے ثانیہ عاشق اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب میں خصوصی شرکت کے دوران مریم نواز شریف نے خصوصی افراد کو اگلی نشستوں پر اپنے ساتھ بٹھایا، جبکہ وزراء اور افسران پیچھے بیٹھے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کئی خصوصی افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کیے اور ان کی ایکٹیویشن کا عمل بھی مشاہدہ کیا۔
خصوصی بچے محمد عظیم نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پینسل سے بنا ہوا ان کا پورٹریٹ تحفے میں پیش کیا، جس پر مریم نواز نے خوش دلی سے شکریہ ادا کیا، محمد عظیم نے کہا کہ ’’سی ایم ہمت کارڈ ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، ہم اب اکیلے نہیں، حکومت پنجاب اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ہمارے ساتھ ہیں۔‘‘
تقریب میں دستاویزی فلم ’امید اور کامیابی کا سفر‘ بھی پیش کی گئی جس میں ہمت کارڈ سمیت دیگر منصوبوں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر خصوصی افراد کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ اس کارڈ کو 15 اکتوبر سے ٹریول کارڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا، جس سے خصوصی افراد اورنج لائن، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹروبس میں مفت سفر کر سکیں گے، علاوہ ازیں، خصوصی افراد کو ہیئرنگ ایڈ، ویل چیئر اور مصنوعی اعضا بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی زندگی کو مزید سہل بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نوازکاویژن سموگ لیس پنجاب،صوبہ بھر میں آپریشن کلین اپ
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ہم ان کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ کسی پر بوجھ نہ بنیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے، ملک کی ترقی صرف مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ممکن ہوتی ہے۔