انگلش ٹیم پاکستان میں کھیلنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے :زیک کرولی

خراب کارکردگی بابر اعظم کیلئے مسئلہ نہیں بڑا بیٹر ہے کسی بھی وقت فارم میں آسکتا ہے

Oct 04, 2024 | 15:15:PM

(دلبر خان) ملتان میں ٹیسٹ سیریز کیلئے موجود انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر زیک کرولی نے کہا ہے کہ ملتان آنے پر خوش ہیں،موسم کا کوئی ایشو نہیں،ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ہاکستان کا دورہ ہمیشہ ہی اچھا ہوتا ہے۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم شاندار ہے ،ماحول بھی درست اوراچھا ہے،انجوائے کررہے ہیں۔
 

ملتان سٹیڈیم میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انگلش ٹاپ آرڈر بیٹر  نے کہا ہے کہ  میری انگلی کا فریکچر ٹھیک ہوا ہے اور اب میں کھیلنے کیلئے تیار ہوں۔پاکستان کے گزشتہ دورے میں سنچری اور ففٹی بنانے والے  رائٹ ہینڈ بیٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز اچھی کھیلی۔اس مرتبہ بھی اس سے بہتر کروں گا۔ایک اور سوال کے جواب میں زیک کرولی نے کہا ہے کہ انگلش ٹیم پاکستان میں کھیلنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

مزید پڑھیں: افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان کی شادی ہوگئی

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں برطانوی  اور پاکستانی صحافیوں  سے گفتگو کرتےہوئے زیک کرولی  نے کہا  کہ انگلینڈ پاکستان کو ہرانے کیلئے پرعزم ہے،یہ ٹھیک ہے کہ پاکستان کی حالیہ پرفارمنس اچھی نہیں لیکن ہم پاکستان کو ہمیشہ سخت حریف سمجھتے ہیں اور پاکستان کے پاس باصلاحیت ٹیلنٹ ہے۔بابر اعظم ان دنوں اگر آئوٹ آف فارم ہے تو کوئی  مسئلہ نہیں بڑا بیٹر ہے اور کسی بھی وقت فارم میں آسکتا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ 7 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں انگلش ٹیم نے آج سے ٹریننگ کا آغاز کیا ہے ۔

زیک کرولی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بھی تجربہ کار کھلاڑی ہیں لیکن ہمارے پاس بھی سپنرز اچھے ہیں،نوجوان سپنرز فارم میں ہیں اور اچھا کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں زیک کرولی کہتے ہیں کہ گزشتہ دورہ پاکستان میں فلیٹ پچز تھیں۔اس لئے بہتر بیٹنگ ہوگئی تھی۔

مزیدخبریں