(احمد منصور)شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی ہے ، فوجی دستوں نے سڑکوں پر گشت کا آغازکر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیاگیا تھا کہ آج رات 12بجے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے تمام علاقوں میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی ڈپلائمنٹ مکمل کر لی جائے گی، لیکن پاک فوج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے تحت وقت سے پہلے ہی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا تھا کہ فوج ایس سی او سمٹ کے دوران اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی،فوج کی تعیناتی 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک ہوگی،اسلام آباد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے ہوگی اور پولیس سمیت دیگر ادارے ان کی معاونت کریں گے،شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے، کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے اور امن و عامہ کے حالات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگائے جانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے ، خیال رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر افواہ پھیلائی جا رہی تھی کے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگایا جا رہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین اسلام آباد آئینگے یا موٹروے پر قیام کرینگے فیصلہ تا حال نا ہو سکا