( روزینہ علی )صوبہ سندھ میں قابل تجدید ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار 3837 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے، وزارت توانائی نے قومی اسمبلی میں تفصیلات جمع کرا دیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں شمسی توانائی (سولر انرجی) کے منصوبے تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ملک کے مختلف حصوں، خصوصاً بلوچستان اور سندھ، میں سورج کی روشنی وافر مقدار میں دستیاب ہے، جس سے شمسی توانائی کی پیداوار ممکن ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے وزارت توانائی نے بجلی کی پیداوار کے حوالے تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں،صوبہ سندھ میں قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار 3837 میگا واٹ تک پہنچ گئی،سندھ میں قابل تجدید توانائی کے 58 منصوبے فعال ہیں،ونڈ پاور کے 36 منصوبوں کے ذریعے 1845 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔
سندھ میں شمسی توانائی کے 10 منصوبوں سے 680 میگا واٹ،ہائیڈل کے 4 منصوبوں سے 1053 میگا واٹ،شوگر ملز کے گنے کے پھوک سے 259 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
واضح رہے کہ پرائیویٹ پاور اینڈ انٹرا اسٹرکچر بورڈ انرجی مکس کو متنوع بنانے کے حکومتی وژن پر عمل پیرا ہے،سندھ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو ترقی دی جارہی ہے۔