بنگلہ دیش سے شکست،انگلینڈ کیخلاف ٹیم بدلے گی؟چہ مگوئیاں ،تبصرے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اظہر تھراج)پاکستان بنگلہ دیش سے ہوم سیریز کیا ہارا کہ سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے،بات بھی ایسی ہے کہ تنقید بلا جواز نہیں ۔قومی کرکٹ ٹیم اس وقت تمام فارمیٹس کے کھیل میں زوال کا شکار ہے اور ابھی تک ’شکست‘کے علاوہ کوئی کارنامہ نہیں دکھا پائی ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1965 سے 1971 تک کا جوعرصہ گزارا تھا،وہ ہوم گرائونڈز میں بنا کسی ٹیسٹ فتح کے تھا لیکن وہ جاری 3 سالہ دور سے کہیں بہتر تھا کہ پاکستان نے ان میں سے 10 ٹیسٹ میچز ڈرا کھیلے اور11 ویں میں جاکر کہیں کامیابی نام کی۔اب صورتحال یہ ہے کہ 2021 سے اب تک پاکستان نے جو 10 ٹیسٹ کھیلے ہیں،ان میں سے ایک بھی نہیں جیتا ہے۔7 ہارے ہیں۔باقی ڈرا ہیں۔
تازہ ترین ہزیمت بنگلہ دیش کے خلاف اٹھائی ہے۔اس کے بعد اب انگلینڈ کی پاکستان آمد 4 ہفتوں سے بھی کم کی دوری پر ہے۔7 اکتوبر سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلاجاناہے۔پاکستان اس سیریز کیلئے کیا ممکنہ تبدیلیاں کرسکتا ہے اور کیا کپتان بھی بدلاجاسکتا ہے۔ہرایک یہی پوچھ رہا ہے۔ہر ایک کے ذہن میں یہی سوال ہے کہ موجودہ ٹیم کیا کھیل بھی سکتی ہے یا نہیں؟
ضرورپڑھیں:بنگلہ دیش کی پاکستان کو ہوم سیریز میں شکست بدترین مقام پر لے آئی
سابق کرکٹرز کہتے ہیں کہ شان مسعود بچہ ہے اسے ہٹایا جائے جبکہ کے کچھ کا خیال ہے کہ فوری نہ ہٹایا جائے۔کرکٹ ماہرین کہتے ہیں کہ شان مسعود کو فوری نہیں ہٹایا جائے گا لیکن ان کے نائب کیلئے محمد رضوان کو نامزد کیا جائے گا،اگر شان نے انگلینڈ کے خلاف ناقص کارکردگی دکھائی تو وہ فٹنس کے ٹائٹل کے نیچے باہر بیٹھیں گے اور رضوان قیادت کرتے دکھائی دیں گے۔پھر اگلی سیریز میں شان مسعودکی کپتانی کا بچنا مشکل ہوجائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیاں نہیں ہونگی لیکن بیٹنگ میں امام الحق کو لیا جاسکتا ہے اور اسپنرز میں ایک نئے کھلاڑی کو متعارف کروایا جاسکتا ہے اور پیسرز میں نسیم اور شاہین کے ساتھ محمد عباس کا نام آسکتا ہے لیکن اس کیلئے سلیکٹرز اور کپتان کی مشاورت جاری ہے۔پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں ایک سے 2 کرکے نیا تجربہ کیا جاسکتا ہے۔ٹیم میں حتمی تبدیلیاں کیا ہوں گی اس کا فیصلہ تو سلیکٹرز نے کرنا ہے باقی تو یہ سب اندازے ہیں۔