(24نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم القدس اور جمعتہ الوداع کے موقع پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف ظلم وجبر روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم آج صہیونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور ہم فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر بھائیوں بہنوں سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ اللہ کریم سے مدد کے طالب ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ 7 دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، غزہ میں ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے اسکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا اور مظلوم فلسطینیوں تک امدادی اشیاء کی رسائی کو بھی روکا گیا۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط موصول ہوگیا
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کےخلاف ظلم وجبر روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام، فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، عوام جمعتہ الوداع پر فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ آج کے اس بابرکت دن الله سبحانہ و تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر خطاؤں کی معافی مانگیں۔ رمضان المبارک کی برکتوں اور نوازشوں میں جمعتہ الوداع کا مبارک موقع ہمیں ایک بار پھر نصیب ہوا ہے۔