بل گیٹس کے سامنے فلسطین کے حق میں نعرے بُلند

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ کی گولڈن جوبلی تقریب کے دوران بانی بل گیٹس کے سامنےفلسطین کے حق میں احتجاج کیا گیا۔
مائیکروسافٹ کے قیام کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب فلسطین کے حق میں احتجاج کے سبب عالمی توجہ کا مرکز بن گئی،گولڈن جوبلی تقریب اُس وقت روکنی پڑی جب ایک کمپنی ملازمہ نے فلسطین کے حق میں احتجاج شروع کر دیا،ملازمہ کی جانب سے احتجاج کا مقصد اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کی فراہمی پر مائیکروسافٹ کے کردار کو اُجاگر کرنا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ احتجاج اُس وقت شروع ہوا جب مائیکروسافٹ کے AI سی ای او مصطفیٰ سلیمان کمپنی کے AI سسٹنٹ Copilot سے متعلق نئی اپڈیٹس اور مستقبل کے وژن پر بات کر رہے تھے،یہ سب ایک ایسے موقع پر ہوا جب مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور سابق سی ای او سٹیو بالمر بھی تقریب میں موجود تھے۔
احتجاج کرنے والی خاتون ابتہال ابوسعید سٹیج کی جانب بڑھیں اور باآواز بلند کہا کہ ’مصطفیٰ، تمہیں شرم آنی چاہیے، تم کہتے ہو کہ AI کو اچھائی کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہو لیکن مائیکروسافٹ اسرائیلی فوج کو AI ہتھیار فراہم کر رہا ہے جہاں اب تک 50 ہزار بے گناہ افراد مارے جا چکے ہیں اور مائیکروسافٹ اس نسل کشی کو تقویت دے رہا ہے‘خاتون کے اس احتجاج کے جواب میں مصطفیٰ سلیمان نے کہا کہ ’آپ کے احتجاج کا شکریہ، میں نے آپ کو سن لیا‘تاہم خاتون ابتہال ابوسعید نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’مصطفیٰ اور مائیکروسافٹ کے تمام لوگوں کے ہاتھ معصوموں کے خون سے رنگے ہیں‘۔
بعد ازاں سٹیج پر انہوں نے فلسطینی مزاحمت و حمایت کی علامت ’کوفیہ‘ کا رومال پھینکا جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار انہیں ہال سے باہر لے گئے،میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب کے ایک اور حصے میں مائیکروسافٹ کی ایک اور ملازمہ وانیہ اگروال نے بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جب سٹیج پر بل گیٹس، سٹیو بالمر اور موجودہ سی ای او ستیہ نڈیلا موجود تھے،یہ 2014 کے بعد پہلی مرتبہ تھا کہ مائیکروسافٹ کے تینوں سی ای اوز ایک ساتھ نظر آئے۔
مائیکروسافٹ نے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا تاہم اس احتجاج نے ٹیک انڈسٹری میں اخلاقی ذمے داریوں اور انسانی حقوق سے متعلق پالیسیوں پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بچوں کے شوشل میڈیا استعمال پر پابندی،اعلی عدالت درخواست مسترد کردی