بھارتی فورسز کی عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی قابل مذمت ہیں: پاک فوج

Aug 05, 2024 | 00:13:AM
بھارتی فورسز کی عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی قابل مذمت ہیں: پاک فوج
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے یوم استحصال کے موقع پر جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔

پاک فوج کے ادارہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ استحصال کے موقع پر مسلح افواج کی قیادت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دلیر اور غیور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حصول حق خود ارادیت کی جائز اور طویل جدوجہد کی حمایت مکمل کرتے ہیں، بھارتی فورسز کی بین الاقوامی قوانین کی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی قابل مذمت ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جاری سخت فوجی لاک ڈاؤن، علاقے کے آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں، اور ہندوستانی حکومت کے جارحانہ بیانات قابل مذمت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر کا ’یوم استحصال کشمیر‘ پرخصوصی پیغام جاری

مسلح کی افواج کی قیادت کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کا ریاستی جبر اور انسانی بحرانوں کو ہوا دینا علاقائی استحکام کے لئے مستقل خطرہ ہیں، خطے میں پائیدار امن و استحکام کا دارومدار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں ہے، پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی غیر معمولی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہیں، مسلح افواج کشمیریوں کی جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر حمایت جاری رکھے گی۔